دبئی سمیت متحدہ عرب امارات میں نئے لیبر قوانین نافذ

5 Feb, 2022 | 01:56 PM

Arslan Sheikh

ویب ڈیسک : متحدہ عرب امارات میں پاکستانی محنت کشوں کیلئے اہم خبر۔۔۔۔ 2 فروری سے  نئے لیبر قوانین کا  نفاذ۔۔ ہفتے میں ایک چھٹی  لازمی قرار۔۔ نوکری کا تین سال تک معاہدہ ہوسکے گا۔
رپورٹ کے مطابق نئے لیبر قوانین میں ورکرز کو مزید حقوق دیے گئے ہیں جس سے پاکستانی محنت کشوں کو مزید فوائد حاصل ہوسکیں گے۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت انسانی وسائل نے  کہا کہ نئے قانون کے مطابق اب ہر چھوٹی سے چھوٹی چیز کی معلومات ملازمت کے معاہدے میں شامل کی جائیں گی۔ نیا وفاقی حکمنامہ قانون نمبر 33 کارکنوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔
نئے معاہدے میں کارکن، اس کے آجر، ملازمت کی تفصیل،  کام کے اوقات، چھٹیاں، شمولیت کی تاریخ،  کام کی جگہ، تنخواہ، سالانہ چھٹی، نوٹس کی مدت سمیت ہر معلومات شامل ہوں گی۔ اب مزدوروں کو بھی کچھ نئی چھٹیاں ملیں گی۔ کمپنیوں کو اپنے ملازمین کو ہر ہفتے کم از کم ایک چھٹی دینی ہوگی۔

یاد رہے نئے قانون سے اب ملازمت کا معاہدہ محدود مدت کے لیے ہو گا،پہلے ایسا نہیں تھا۔ اب کوئی بھی تاجر ہمیشہ کے لیے کسی مزدور کو ملازمت پر نہیں رکھ سکے گا۔ کمپنیاں اب زیادہ سے زیادہ تین سال کے لیے ورکرز رکھ پائیں گی۔ اس کے بعد اس کی دوبارہ اسی یا نئی شرائط پر تجدید  ہوسکے گی۔

حکومت نے تمام نجی کمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ نئے قانون کے مطابق نئے معاہدوں کا مسودہ تیار کریں۔ قانون نافذ ہونے کے ایک سال کے اندر کمپنیوں کو اپنے ملازمت کے معاہدے تبدیل کرنے ہوں گے۔ 

مزیدخبریں