ویب ڈیسک:ٹماٹر، مرغی کا گوشت،لہسن،سرسوں کا تیل،دالیں، دودھ،دہی، آٹا، بکرے کا گوشت، کیلے اور گائے کا گوشت سمیت کل 22 اشیائے ضروریہ گزشتہ ایک ہفتے میں مہنگی ہوئی ہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات کے تحت سب سے کم آمدن والے افراد کے لیے مہنگائی کی شرح 21.46 فیصد پرپہنچ گئی ہے۔ ادارہ شماریات کی جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے میں مہنگائی میں 1.35 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 19.53 فیصد ہوگئی ہے۔ ادارہ شماریاات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کل 22 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئی ہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں لہسن 17 روپے 80 پیسے فی کلو مہنگا ہوا ہے جب کہ سرسوں کے تیل کی قیمت میں 9 روپے 19 پیسے فی کلو اضافہ ہو گیا ہے۔ جو اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئی ہیں ان میں ٹماٹراوسط 70 روپے94 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے ہیں جس کے بعد اوسط قیمت 149 روپے 65 پیسے فی کلوہو گئی ہے جب کہ زندہ مرغی اوسطاً 19 روپے 33 پیسے فی کلو مہنگی ہوکر 203 روپے 39 پیسے فی کلو ہوگئی ہے۔اعداد و شمار کے تحت گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دودھ، دہی، مٹن، بیف، دال مسور، دال چنا، کیلے اور انرجی سیور بھی مہنگے ہوگئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 35 روپے 87 پیسے، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 3 روپے 32 پیسے مہنگا ہوا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 6 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ 23 اشیا کی قیمتوں میں استحکام پایا گیا ہے۔آلو 2 روپے 45 پیسے فی کلو اور پیاز ایک روپے 40 پیسے فی کلو سستے ہوئے ہیں جب کہ انڈے کی قیمت میں بھی فی درجن 6 روپے 5 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چینی کی قیمت میں بھی اوسطاً 76 پیسے فی کلو کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔