لاہور ہائیکورٹ میں نوکری کے خواہشمند امیدواروں کے لیے اچھی خبر 

5 Feb, 2022 | 10:07 AM

Arslan Sheikh

ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ میں گریڈ 3 سے 17 تک کے عہدوں پر بھرتی کا معاملہ، خالی آسامیوں پر امیدواروں کی بھرتی کا عمل جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں 320 بھرتیوں کے لئے 44 ہزار 472 درخواستوں کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے، جسٹس شہرام سرور چودھری کی سربراہی میں ایگزامینشن کمیٹی فار ہائیکورٹ اسٹیبلشمنٹ کا اجلاس آئندہ ہفتے ہوگا جبکہ کمیٹی میں جسٹس مزمل اختر شبیر بھی شامل ہیں۔ کمیٹی امیدواروں کی بھرتی کیلئے امتحانی پیپرز بنانے کے متعلق امور کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی کی سفارشات پر چیف جسٹس ہائیکورٹ امیدواروں کے امتحانی پیپرز کی حتمی منظوری دیں گے۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ کی منظوری کے بعد امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ اور امتحانی طریقہ کار واضح ہوگا۔

جسٹس شہرام سرور چوہدری اور جستس مزمل اختر شبیر پر مشتمل کمیٹی بھرتی کے عمل کی نگرانی کرے گی۔ 18ایڈمن آفس کوآرڈینیٹر کی اسامیوں کیلئے 5500 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔ ڈیٹا انٹری آپریٹر کی 59 آسامیوں کے لئے 8500 سے زائد درخواستیں، ایڈمن آفس کوآرڈینیٹر کی 104 آسامیوں کے لئے 15 ہزار سے زائد درخواستیں جبکہ ہسیٹنو گرافر، پی اے، ٹیلی فون آپریٹر، کمپوزر، مکینک، الیکٹریشن، ڈرائیور، کک، مالی، سویپر، چوکیدار سمیت دیگر ملازمتوں کے لئے بھی ہزاروں درخواستوں کی وصول کی گئیں ہیں۔

پرائمری سے گریجویشن تک تعلیم کے حامل امیدواروں کے امتحان لینے کے طریقہ کار پر غور کیا جارہا ہے۔ اوپن میرٹ، اقلیتوں، معذور افراد اور خواتین کے لئے  مختص کوٹہ پربھی بھرتیاں ہوں گی جبکہ امیدواروں کے لئے عمر کی حد میں خصوصی رعایت دی گئی ہے۔

مزیدخبریں