بند روڈ انٹرچینج سے پھلاں والا چوک تک سگیاں روڈ بحال کرنے کا فیصلہ

5 Feb, 2021 | 09:58 AM

Sughra Afzal

لوئر مال(قذافی بٹ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت ترقیاتی اداروں کے سربراہان کا تیسرا اجلاس ہوا جس میں بند روڈ انٹرچینج سے پھلاں والا چوک تک سگیاں روڈ بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت اجلاس میں لاہور کی خوبصورتی بڑھانے کیلئے کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، صوبائی وزیر نے لاہور کی خوبصورتی کیلئے کئے گئے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے چوراہوں اور سڑکوں کی بہتری کا پروگرام مرحلہ وار آگے بڑھایا جائے گا، اجلاس میں کم لاگت میں معیاری کام یقینی بنانے، بند روڈ انٹرچینج سے پھلاں والا چوک تک سگیاں روڈ بحال کرنے سمیت دیگر اہم فیصلے کیے گئے، جبکہ بابو صابو انٹرچینج اور گلشن راوی چوک کی بہتری کی مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ڈی جی پی ایچ اے، ڈی جی ایل ڈی اے اور ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

دوسری جانب وزیر اسلم اقبال نے  آپریشن سٹاف کے مستند ڈیٹا کی عدم فراہمی پر   ایل ڈبلیو ایم سی کے افسران کی سرزنش کرتے ہوئے انہیں آخری وارننگ دے دی ۔انہوں نے کہا کہ کسی علاقے یا سڑک پر کچرے کا ڈھیر نظر آیا تو ذمہ داروں کو نہیں چھوڑوں گا، اب بہانے نہیں نتائج چاہئیں، ایل ڈبلیو ایم سی میں کام سے جی چرانے والوں کی کوئی گنجائش نہیں ملے گی۔

مزیدخبریں