حکومت پنجاب کو بلاآخر خیال آہی گیا

5 Feb, 2020 | 05:05 PM

Shazia Bashir

قذافی بٹ: پولیو فری لاہور، حکومت پنجاب کو بلاآخر خیال آہی گیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا پنجاب کو پولیو فری بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کارلانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس میں انسداد پولیو کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور کرونا وائرس سے بچاؤکے لئے احتیاطی تدابیراور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کے داخلی راستوں پر بچوں کو انسداد پولیو  کی ویکسین پلانے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ انسداد پولیو کے لئے 3600 ورکرز کی بھرتی بھی فوری کی جائے گی، جبکہ کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کے لئے پاکستان کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ آئیسولیشن وارڈ قائم کیاجائے۔

 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بعض شہروں میں پولیو کے کیسز سامنے آنا انتہائی تشویشناک امر ہے، پولیو فری پنجاب کے لئے کمیونٹی کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں پر پولیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں وہاں پر غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے کارروائی کی جائے، وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ہر ممکن احتیاطی اقدام اٹھایا جائے۔

 محکمہ صحت صورتحال پر کڑی نظر رکھے، انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے محکمہ صحت میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کروں گا۔

     

مزیدخبریں