(علی ساہی) اوپن لیٹر والے گاڑی مالکان ہوجائیں ہوشیار ، محکمہ ایکسائزنے بائیومیٹرک تصدیق کیساتھ گاڑیوں کی ٹرانسفر و رجسٹریشن اپریل میں شروع کرنے کافیصلہ کرلیا۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاکھوں کی تعداد میں ایسی گاڑیاں موجودہیں جو کئی سالوں سے فروخت ہوچکی ہیں لیکن خریدار نے ٹرانسفر فیس سے بچنے کیلئے گاڑی اپنے نام نہیں کروائی جس سے ایک تو فروخت کنندہ کو خریدار کی جانب سے گاڑی کے غلط استعمال پر نقصان ہوتا ہے دوسری جانب حکومت کا کروڑوں روپے ٹیکس ہر سال ضائع ہوجاتا ہے جبکہ جعلساز اور ایکسائز میں موجود کالی بھیڑیں جعلی کاغذات پر شہریوں کی گاڑیاں ٹرانسفر کردیتے ہیں۔
ایسے مسائل سے نمٹنے کیلئے لاہور سمیت پنجاب بھر میں گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کیلئے بائیو میٹرک سسٹم متعارف کروانے کے اقدامات حتمی مراحل میں پہنچ گئے ہیں، سیکرٹری ایکسائز اگلے ہفتے نادرا اور پی آئی ٹی بی کیساتھ میٹنگ کرکے افتتاح کی تاریخ طے کریں گے۔
نادرا کی جانب سے بائیو میٹرک تصدیق کیلئے خریدار کو 300 روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے جو نادرا کے کھاتے میں جائیں گے جبکہ شہری کسی بھی شہرمیں نادرا کے سہولت مرکز میں جا کر بائیو میٹرک تصدیق کرواسکتے ہیں ۔
محکمہ ایکسائز نے بائیو میٹرک تصدیق کے لیے قوانین میں ترامیم کی سمری بھی حکومت کو بھجوائی تھی جوحتمی مراحل میں ہے۔