(سعود بٹ) جماعت اسلامی کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیرجلسہ میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کے حق میں اقدامات نہ کیے تو تاریخ ان کو غدار قرار دے گی۔
جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام مال روڈ پر یکجہتی کشمیر کے عنوان سے جلسہ کا انعقاد کیاگیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ آج بھارت کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ایٹمی میزائل تمہارے لیئے بنائے ہیں، کشمیر پر کسی بھی قسم کی سودے بازی نامنظور ہے۔ اس موقع پر نوجوانوں اورننھی طالبات نےکشمیری بھائی بہنوں کیلئےترانےبھی پیش کیئے۔
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم کاکہنا تھا کہ آج کشمیر کا ہر گھر قبرستان بن گیا ہے۔معصوم بہنیں ہاتھ میں پتھر لےکرہندوستانی افواج کیخلاف کھڑی ہو جاتی ہیں۔وزیراعظم عمران خان کومخاطب کرتےہوئے ان کاکہناتھاکہ مودی کو جرات پاکستانی قیادت کی کمزوری کی وجہ سے ہوئی۔ عمران خان نے سید علی گیلانی، یاسین ملک، میر واعظ، ڈاکٹر فیاض سمیت کشمیری رہنماؤں پر ہونیوالے مظالم پر آواز نہ اٹھائی تو تاریخ انکو ملک کا غدار لکھے گی۔
جلسہ میں امیر لاہور ذکراللہ مجاہد، حاجی ریاض الحسن، اظہر بلال، افتخار احمد چودھری، خالد احمد بٹ، چودھری محمد شوکت جماعت اسلامی لاہور خواتین ونگ سمیعہ راحیل قاضی، ربیعہ طارق، زرفشاں زرین، عالیہ شمیم و دیگر بھی جلسہ میں شریک ہوئیں۔