سٹی 42 : صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے ضلع جنوبی وزیرستان اور ضلع لکی مروت میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے ۔
صدر مملکت آصف زرداری نے خیبر پختونخوا میں دو مختلف آپریشنز میں 8 خوارج ہلاک کرنے پر فورسز کو خراج تحسین کیا ہے۔ صدر مملکت نے جنوبی وزیرستان اور لکی مروت میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو سراہااور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث مطلوب دہشتگرد کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔
آصف علی زرداری نے کہاکہ فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ صدر مملکت نے دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے قومی عزم کا بھی اظہارکیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جنوبی وزیرستان اور لکی مروت میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔شہباز شریف نے مطلوب دہشت گرد سمیت 8 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وطن عزیز کی حفاظت کیلئے سکیورٹی فورسز ہمیشہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح دشمن کے سامنے کھڑی رہی ہیں،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں ۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے آپریشنز میں 8خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ 8خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز نے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاک دھرتی میں خوارجی دہشتگردوں کی کوئی گنجائش نہیں،دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ میں قوم سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔