اویس کیانی: ضلع جنوبی وزیرستان اور ضلع لکی مروت میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 8خوارجی جہنم واصل کردیے ۔
خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران سرغنہ سمیت 8خوارجی جہنم واصل ہو گئے۔صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشنز میں کامیابی پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سکیورٹی فورسز نے ایک آپریشن جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں کیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں خوارجی رنگ لیڈر خان محمد عرف خورے سمیت 2خوارجی ہلاک ہو گئے جبکہ 2 دہشتگرد گرفتارکر لئے گئے۔ خارجیوں کا سرغنہ خان محمد عرف خورے علاقے میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں بھی ملوث تھا،خارجیوں کا سرغنہ خان محمد عرف خورے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومت کو مطلوب تھا اور اس کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر تھی۔
سکیورٹی فورسز کی جانب سے دوسری کارروائی لکی مروت کے علاقے میں کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 6 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔
علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشنز کئے جا رہے ہیں، سکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
سورس: آئی ایس پی آر