جیلانی پارک میں ”گل داؤدی“ کی سالانہ نمائش، پی ایچ اے کمرشل نرسری کا افتتاح

5 Dec, 2024 | 06:46 PM

سٹی 42 : پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے جیلانی پارک میں ”گل داؤدی“ کی سالانہ نمائش اور پی ایچ اے کمرشل نرسری کا افتتاح کردیا ۔ 

وزیراعلیٰ مریم نواز نے گل داؤدی کی مختلف اقسام کا مشاہدہ کیا، انہوں نے گل داؤد ی کی رنگا رنگ اقسام میں دلچسپی کا اظہار کیا اور گل داؤدی سے بنے مختلف ماڈلز کا بھی معائنہ کیا۔ مریم نواز نے گل داؤدی سے سجے اونٹ کے ماڈل اور پھولوں سے لدی بگھی کے سامنے تصویر بھی بنوائی، اور خوبصورت آسٹریلین طوطے دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا۔ آسٹریلین طوطے مہمانوں کودیکھ کرخوش آمدید کے انداز میں سرہلانے لگے۔

 وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جیلانی پارک کے اندر گلِ داؤدی کے  مختلف اسٹال دیکھے۔ مریم نوازشریف نے پی ایچ اے کمرشل نرسری کا بھی معائنہ کیا اور  وہاں موجود پودوں کا جائزہ لیا، مریم نے  ”پیس للی“ اور”ایئر پلانٹ“ کے پودوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

انہیں زیتون کے مقامی پودے بھی دکھائے گئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کو”انار، بون سائی“کے پودے کاتحفہ پیش کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ پھول امن اور محبت کی علامت ہیں، انہوں نے شہریوں سے کہا کہ لاہور اور دیگر شہروں کے لوگ گل داؤدی کی نمائش دیکھنے ضرور آئیں۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز اور دیگر مہمانوں نے الیکٹرک کارٹ میں سواری بھی کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز کو ڈی جی پی ایچ اے محمد طاہر وٹو نے گل داؤدی نمائش بارے میں بریفنگ د یتے ہوئے بتایا کہ نمائش جیلانی باغ میں 10 روز تک جاری رہے گی، نمائش میں 2 سو کے قریب منفرد اقسام کے گل داؤدی کے رنگ برنگے پھول رکھے گئے ہیں، ہرشام  لائٹ شو بھی پیش کیا جائے گا۔ گل داؤدی کی نمائش  مین لانے کے لئے پودوں کی پی ایچ اے کی نرسریوں میں ایک سال تک نگہداشت کی جاتی ہے۔ گل داؤدی  کھلنے کے بعد  پودے پر  15 سے 20 دن تک مکمل جوبن پر رہتا ہے۔ ایک گملے میں ایک یا دو جھاڑیاں ہوں تو ان پر بیس تیس چالیس تک پھول آ سکتے ہیں۔   دسمبر کے پہلے ہفتے یہ نایاب پھول اپنے جوبن پر ہوتا ہے۔

مزیدخبریں