ویب ڈیسک: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مٹی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔اقوامِ متحدہ کی جانب سے ہر سال 5 دسمبر کو ورلڈ سوائل ڈے منایا جاتا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد صحت مند زمین کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور زمینی وسائل کو پائیدار طریقوں سے استعمال کرنے پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔
زمین کی بقا مٹی کے ساتھ اس کے ربط پر منحصر ہے، ہماری خوراک کا 95 فیصد سے زیادہ حصہ مٹی سے آتا ہے، جو غذا ہم کھاتے ہیں، جو پانی پیتے ہیں، جس فضا میں سانس لیتے ہیں، ان سب پر آلودہ زمین اثرانداز ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق مٹی اچھی ہوگی تو فصلیں اور پودے اچھے رہیں گے، محکمہ زراعت کی جانب سے مٹی کی جانچ کر کے کسانوں کی معاونت کی جاتی ہے، آبادی بڑھنے کے سب زمین آلودہ ہوتی جا رہی ہے، گٹر کا پانی بھی زمین کو خراب کر رہا ہے، عوام اور کاشت کار کو آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
ماہر ماحولیات کا کہنا ہے کہ زمین کی صحت کا خیال رکھنا ہم سب کا فرض ہے کیونکہ صحت مند اور زرخیز زمین سے ہی اچھی فصل کی پیداوار ممکن ہے۔