عرفان ملک: سکھ یاتریوں سے ڈکیتی کی واردات کرنے والے گینگ کے ارکان غیر ملکی ایجنسی کے ایجنٹ نکلے، تفتیش کے دوران ملزموں نے غیر ملکی ایجنسی کے لیے کام کرنے کا اعتراف کر لیا۔بھارتی پنجاب سےآئےسکھ یاتری خاندان کیساتھ لوٹ مار کرنے والےغیر ملکی ملزموں میں سے دو میاں بیوی ہیں۔پولیس نے 2100 سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ کنگھال ڈالا، ہزاروں منٹ کی فوٹیجز دیکھنے کے بعد پولیس نے ملزمان کا تعاقب کرکےگرفتار کیا۔
ایس پی آرگنائزڈ کرائم یونٹ ساؤتھ آفتاب احمد پھلروان نے ماڈل ٹاؤن میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں سرغنہ شاہ رخ، ریحانہ شاہ رخ اور محمد عرفان شامل ہیں۔ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ غیر ملکی رہائشی ہیں جو ایک خفیہ غیر ملکی ایجنسی کے لیے کام کرتے ہیں۔
پولیس افسر نے بتایا کہ دوارن تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ غیر ملکی خفیہ ایجنسی کے کہنے پر پاکستان میں آئے، وہ سکھ یاتریوں سے وارادات کرتے اور فرار ہوجاتے، ملزمان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ واردات کے فورا بعد ملزمان غیر ملکی خفیہ ایجنسی کو اس واردات کی اطلاع دیتے تاکہ وہ اپنے دوسرے ایجنٹوں کے زریعہ سوشل میڈیا میں اس کی تشہیر کریں اور دنیا میں پاکستان کی ساکھ مجروح ہو۔
نیوز کانفرنس میںایس پی آرگنائزڈ کرائم یونٹ ساؤتھ آفتاب احمد پھلروان نے مزید بتایا کہ ملزمان مختلف فورسز کی یونیفارم پہن کر پاکستان میں آتے اور غیر ملکی شہریوں سے تلاشی کے بہانے واردات کرتے اور فرار ہو جاتے تھے۔ اس مرتبہ ملزموں نے سکھ یاتریوں کو لوٹا تو گرفتار ہو گئے۔ غیر ملکی خفیہ ایجنسی کے اس مکروہ منصوبے کو آرگنائزڈ کرائم یونٹ لاہور نے کامیابی سے ناکام بنا دیا۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے،
پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی، آئی ٹی ایکسپرٹس، سی سی ٹی وی فوٹیج، پبلک ریلیشن اور تجربہ کار افسران کی مدد سے مختصر وقت میں گرفتار کیا گیا، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آرگنائزڈ کرائم یونٹ لاہور کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ملزمان کو پراسیکیوشن پارٹنر شپ کی مدد سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔
غیر ملکی ایجنٹوں کے ہاتھوں لٹنے والی سکھ فیملی کے ارکان نے مجرموں کی گرفتاری اور اپنا لوٹا گیا سامان واپس ملنے کے بعد پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز اور آئی جی کے ساتھ ان کے دفاتر میں جا کر ملاقاتیں کیں جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ مہمان فیملی کے ارکان نے دن رات ایک کر کے ڈاکوؤں کو پکڑنے پر پنجاب پولیس کے ارکان کو خوب شاباش دی۔
یاترا کے لئے آئی ہوئی مہمان سکھ فیملی کے ساتھ پولیس کی وردی میں واردات
انتیس نومبر کی سہ پہر گلبرگ میں شاپنگ کے دوران کنول جیت سنگھ، ان کی اہلیہ اور ملازم سے پنجاب پولیس کی وردی میں ملبوس کار سواروں نے واردات کی تھی-
پولیس نےسیف سٹی سسٹم کےایک ہزار کیمروں کی فوٹیجز دیکھنےکے ساتھ ساتھ گیارہ سو گھروں کے سی سی ٹی وی کیمروں کا بھی ریکارڈ کنگھال ڈالا۔اور بالآخرملزمان کا سراغ لگاکےکراچی جاکر غیر ملکی شخص ملزم شاہ رخ اس کی اہلیہ ریحانہ شاہ رخ اور ساتھی عرفان کو گرفتار کرلیا ۔
"ایس پی آرگنائزڈکرائم یونٹ ساؤتھ آفتاب احمد پھلروان کی ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس"
— Organized Crime Unit Lahore (@OCULahore) December 5, 2023
Watch Full Video https://t.co/pQQ6d9SM6h@CaptLiaqat @ccpolahore pic.twitter.com/DHDEBu1TeT
ملزمان کی گرفتاری اور رقم کی واپسی پر سکھ خاندان کے ارکان پولیس سمیت لاہور کی سکیورٹی کے ذمہ دار ہر شعبے کے کارکنوں کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔