دور نایاب: وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا سروسز ہسپتال کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ اورکالج آف نرسنگ کا دورہ ، کالج آف نرسنگ کی انتہائی بری حالت،کمروں میں گنجائش سے زیادہ چار پائیاں، ناکافی رہائشی سہولتیں،دیواریں سیم زدہ،پینٹ خراب، صفائی کی ابتر صورتحال ،وزیراعلی نے نرسنگ کالج کی اپ گریڈیشن کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق تنتالیس برس بعد کالج آف نرسنگ کی سنی گئی، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے خراب صورتحال کا فوری نوٹس لے لیا اورکالج آف نرسنگ کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نرسنگ ہاسٹل کے کمروں کا معائنہ کیا، زیرتعلیم نرسنگ طالبات سے مسائل پوچھے، طالبات نے رہائش کی ناکافی سہولتوں کے بارے میں شکایات کیں۔ وزیراعلیٰ نے سروسز ہسپتال میں جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور ڈاکٹرز کیفے ٹیریا کو اپ گریڈیشن پروگرام میں شامل نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹرز کیفے ٹیریا کو مناسب جگہ پر منتقل کرکے اَپ گریڈ کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ ایم ایس کے علاوہ تمام انتظامی دفاتر بیسمنٹ میں منتقل کیے جائیں۔
محسن نقوی نے ہسپتال کے عقب میں واقع غیرضروری تعمیراتی سٹرکچر کوختم کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلی نے سروسز ہسپتال کی مین بلڈنگ کی اپ گریڈیشن کے کام کا جائزہ لیا اور پراجیکٹ کومقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔