میری ریڈ بال سے کھیلنے کی پریکٹس نہیں، حارث رؤف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو شوکاز نوٹس کا جواب دے دیا

5 Dec, 2023 | 01:54 AM

 سٹی42: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو شوکاز نوٹس کا جواب بھیج دیا اور ٹیم کا حصہ بننے سے انکار کی وجہ یہ بتائی کہ ان کی آج کل سرخ بال سے کھیلنے کی پریکٹس نہیں ہے۔

 پی سی بی نے کچھ روز قبل حارث رؤف کو ٹیسٹ کرکٹ سے دستبرداری پرشوکاز نوٹس بھیجاتھا۔

 نوٹس میں کہا گیا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کے مطابق پلیئرز قومی ٹیم کیلئے غیرمشروط طور پر دستیاب ہوں گے۔

بھارت میں ورلڈ کپ کھیل کر واپس آنے والی ٹیم میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینیجمنٹ کمیٹی کے چئیرمین نے بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کروائیں تو  حارث رؤف نے آسٹریلیا  ٹیسٹ سیریز  میں کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ 

 ذرائع کے مطابق حارث رؤف نے پی سی بی کے نوٹس کا جواب یہ دیا ہے کہ وہ آج کل ریڈ بال کرکٹ کی پریکٹس نہیں کر سکے اور خود کو اس بال سے کھیلنے کے لئے فٹ نہیں سمجھتے۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے بیشتر ٹاپ کلاس کھلاڑیوں کو سرخ بال سے کھیلنے کے مواقع تقریباً نہ ہونے کے برابر مل رہے ہیں۔ آسٹریلیا میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں کھیل روایتی سرخ بال سے صبح سے شام تک ڈے لائٹ میں ہو گا۔ 

یہ امر دلچسپ ہے کہ ایک طرف تو پی سی بی نے حارث رؤف کو ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا حصہ نہ بننے پر شو کاز نوٹس جاری کیا دوسری جانب حارث رؤف کو آسٹریلیا کی بگ بیش چیمپئین شپ کھیلنے کی بلا چوں و چراں اجازت بھی دے دی ہے۔ 

پیر کے روز ہی پاکستان کرکٹ بورڈ نے حارث رؤف کو آسٹریلوی لیگ بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے لیے این او سی جاری کیا ہے۔  حارث رؤف کو 7 سے 28 دسمبر کے درمیان  پانچ میچز کا این او سی دیا گیا ہے ۔

مزیدخبریں