عمران حکومت کے خاتمے میں امریکا کا کوئی کردار نہیں،بلاول بھٹو زرداری    

5 Dec, 2022 | 12:00 AM

Imran Fayyaz

(ویب ڈیسک)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ گزشتہ حکومت کے خاتمے سے متعلق امریکہ پر عائد الزامات میں کوئی حقیقت نہیں،سابق وزیراعظم عمران خان کے امریکہ پر الزامات صرف سیاسی مقاصد کیلئے ہیں۔

الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان کی موجودہ اتحادی حکومت میں پورے ملک سے نمائندگی ہے،تمام اتحادی جماعتیں مل کر مسائل کے حل کے لئے کام کر رہی ہیں،آئندہ عام انتخابات میں اتحادی حکومت کی مشاورت سے حصہ لیں گے۔

 وزیر خارجہ نے کہاکہ موجودہ حکومت کو تباہ شدہ معیشت گزشتہ حکومت سے ورثے میں ملی ہے،گزشتہ حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے ہم دنیا سے الگ ہو کر رہ گئے،گزشتہ حکومت کے خاتمے سے متعلق امریکہ پر عائد الزامات میں کوئی حقیقت نہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ سابق وزیراعظم عمران خان کے امریکہ پر الزامات صرف سیاسی مقاصد کیلئے ہیں۔

ان کاکہناتھا کہ عمران خان سیاسی مقاصد کیلئے بین الاقوامی سازش کا نام استعمال کر رہے ہیں،عمران خان ایک نئے سیاسی فارمولے میں حصہ لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ آئینی اور جمہوری طریقے سے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے سابق وزیراعظم کو ہٹایا گیا،عمران خان کا قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ بھی ایک سیاسی ایجنڈا ہے،ہم نے بطور اپوزیشن جب قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کیا تھا جسے سابق وزیراعظم نے انکار کر دیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں قبل از وقت انتخابات کرانے کی ضرورت نظر نہیں آ رہی،جمہوریت کی بقا اور پارلیمان کی بالادستی کیلئے ضروری ہے کہ موجودہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ کورونا وبا اور موسمیاتی تبدیلیوں جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سب کو مل کر چلنا ہو گا،مسئلہ کشمیر پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے،مسئلہ کشمیر کے حل تک پہنچنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ مودی کی حکومت آنے کے بعد کشمیر سمیت پورے بھارت میں مسلمانوں کیلئے جگہ تنگ ہو چکی ہے،بھارت نے اگست 2019 میں اقوام متحدہ کی قراردادوں سمیت عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی،پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے

مزیدخبریں