فیروز پور روڈ ( سٹی 42) ارفع کریم آئی ٹی ٹاور سے ملحقہ پرانی سبزی منڈی کی جگہ پر ایک ہزار بیڈ کا ہسپتال بنے گا، 120 کنال اراضی پر تعمیر کیے جانے والے اس ہسپتال میں جدید ترین مشینری نصب کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔ واضح رہے کہ شہر کی بڑھتی آبادی کو سرکاری ہسپتالوں میں رش کے ہونے کے سبب علاج معالجے میں مشکلات پیش آرہی تھیں، ایک عرصے سے نئے ہسپتال تعمیر کرنے کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی۔
بتایا گیا ہے کہ یہ نیا ہسپتال سٹیٹ آف دی آرٹ ہوگا، مختلف شعبوں میں جدید سہولتیں مہیا کی جائیں گی، ایک ہزار بستر کا یہ بڑا ہسپتال صرف مقامی آبادی ہی نہیں بلکہ شہر بھر کے لوگوں کے علاج معالجے کیلئے اہم اضافہ ثابت ہوگا، ہسپتال کی عمارت جدید خطوط پر تعمیر ہوگی، ہسپتال میں کشادہ پارکنگ ایریا اور مریضوں کے لواحقین کیلئے ریسٹ ایریا بھی بنایا جائے گا۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس ہسپتال میں تمام امراض کا علاج ہوگا اور اس کے لیے بہترین ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔