(ملک اشرف) کورونا سے بچاؤ کیلئے سیاسی جلسوں پر پابندی اور دیگر حفاظتی اقدامات کیلئے ایک اور درخواست دائر کردی گئی۔
جوڈیشل ایکٹو ازم پینل کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی، درخواست میں وفاقی اور پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواستگزارکی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ کورونا کی دوسری لہر کے شدید پھیلاوٴ کی وجہ سے ہسپتالوں میں بستر کم پڑنے لگے ہیں، عالمی وائرس سے بچاؤ کیلئے جلسے جلوسوں اور دیگر اجتماعات پر پابندی لگانا وقت کی ضرورت ہے۔ اگر ان اقدامات کو یقینی نہ بنایا گیا تو تشویشناک حد تک ہلاکتوں کا خطرہ ہے۔
درخواستگزارکی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت کورونا سے بچاؤ کیلئے جلسے جلوسوں اور دیگر اجتماعات پر پابندی لگانےکاحکم دے، مزید استدعاکی گئی کہ ہسپتالوں میں فارمیسی 24 گھنٹے کھلی رکھنے اور سینئر پروفیسر کی رات کو کورونا وارڈ میں ڈیوٹی ضروری اور لواحقین کو مریض کی حالت کے بارے میں آگاہی اور ویڈیو کالز کی سہولت یقینی بنائی جائے۔ دوسری طرف ہائیکورٹ سے اسی نوعیت کی درخواست رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے مسترد ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم کی 11 جماعتوں کی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک جاری ہے، اس سلسلے میں پہلا جلسہ گوجرانوالہ میں ہوا تھا جو مسلم لیگ نون کا مضبوط سیاسی گڑھ ہے، دوسرا جلسہ کراچی، تیسرا کوئٹہ اور چوتھا جلسہ ملتان میں ہوا، پی ڈی ایم نے پانچواں جلسہ 13 دسمبر کو لاہو رمیں کرنے کا اعلان کررکھا ہے جب کہ حکومت کا موقف ہے کہ اپوزیشن کے جلسوں سے کورونا پھیل رہا ہے۔