اکمل سومرو: یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں جیو ٹیکنیکل انجینئرنگ پر عالمی کانفرنس کا انعقاد، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین کہتے ہیں کہ 2025ء میں ملک سے بجلی کی کمی کا مسئلہ ختم ہو جائے گا، آئندہ چھ سالوں میں چھ ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں داخل کریں گے۔
تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں چئیرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین ، چئیرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر فضل احمد خالد، صدر پاکستان جیو ٹیکنیکل انجینئرنگ سوسائٹی امجد آغا ،مینجنگ ڈائریکٹر نیسپاک ڈاکٹر طاہر مسعود نے شرکت کی۔ کانفرنس کے موقع پر چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے کہا کہ پاکستان میں چالیس ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے، ہمیں سورج سے توانائی حاصل کرنے کی بھی جامع پالیسی پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔
چیئرمین پی ایچ ای سی ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا کہ یونیورسٹیوں کا بنیادی کام ملکی ترقی کیلئے تحقیق کو فروغ دینا ہےاورملک کےتوانائی کے مسائل سے نبرد آزما ہونے کیلئے یونیورسٹیوں کوحکومت کی معاونت کرنی چاہیے۔یو ای ٹی کی عالمی کانفرنس میں آسٹریلیا، برطانیہ اور کینیڈا سے ماہرین تعلیم شرکت کر رہے ہیں کانفرنس میں طلباء کی آگاہی کیلئے انجینیرنگ کمپنیوں کی جانب سے سٹالز بھی لگائے گئے تھے۔