(رضوان نقوی) پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ائیرپورٹ اور ڈرائی پورٹس پر کسٹمز کلیئرنس سروسز فراہم کرنے والی 40 ایجنسیز کی ٹیکس سکروٹنی شروع کردی۔
پی آر اے نے کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس کے ٹیکس معاملات کی چھان بین کا عمل تیز کردیا، پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ائیرپورٹ اور ڈرائی پورٹس پر کسٹمز کلیئرنس سروسز فراہم کرنیوالی ایجنسیز کی ٹیکس سکروٹنی شروع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب ریونیو اتھارٹی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، مغلپورہ ڈرائی پورٹ، پریم نگر اور این ایل سی ڈرائی پورٹ پر کسٹمز کلیئرنس سروسز فراہم کرنیوالی 40 بڑی ایجنسیز سے ریکارڈ طلب کیاہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹمز کلیئرنس کرنیوالی زیادہ تر کلیئرنگ ایجنسیز سندھ میں سیلز ٹیکس ادائیگی کو جواز بنا کر پی آراے کو ادائیگی نہیں کرتیں، پی آراے نے کسٹمز کلیئرنگ ایجنسیوں سے سندھ میں سیلز ٹیکس ادائیگی کے دستاویزی ثبوت طلب کر لئے ہیں۔
واضح رہے کہ کسٹمز کلیئرنگ ایجنسیز کو سروسز پر ملنے والے کمیشن پر 16 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہے۔