سپاٹ فکسنگ کیس، ناصر جمشید پر پابندی کی تلوار لٹکنے لگی

5 Dec, 2017 | 11:37 AM

(عامر رضا): سپاٹ فکسنگ کیس میں ناصر جمشید پر بھی پابندی کی تلوار لٹکنے لگی، ٹریبونل سے عدم تعاون کے باعث کرکٹر پر رواں ہفتے چھ ماہ سے ایک سال تک کی پابندی عائد ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کےمطابق پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں سپاٹ فکسنگ کیس میں ایک اور فیصلہ متوقع ہے، پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹریبونل نے 24 نومبر کو کرکٹر ناصر جمشید کے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ معطل اوپنر ناصر جمشید پر فکسنگ میں سہولت کاری سمیت دیگر الزامات عائد ہیں، کیس میں عدم تعاون پر ناصر جمشید کو چھ ماہ سے ایک سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

ناصرجمشید پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹریبونل سے تعاون نہیں کیا اور نہ ہی فکسرز سے متعلق معلومات فراہم کیں،3 رکنی ٹریبونل ناصر جمشید پر 6 ماہ سے ایک سال تک کی پابندی لگا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ قبل ازیں سپاٹ فکسنگ کیس میں خالد لطیف پر 5 سال پابندی اور جرمانہ عائد کیا گیا تھا جبکہ شرجیل خان کو معطلی اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ محمد عرفان اپنی سزا پوری کر کے کرکٹ میں واپسی بھی کر چکے ہیں۔

مزیدخبریں