ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ملک بھر میں آج بھارتی مظالم کیخلاف یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں آج بھارتی مظالم کیخلاف یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے
کیپشن: Kashmir Exploitation Day
سورس: web desk
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: مودی سرکار کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنے کے واقعے کے خلاف آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے، یوم استحصال کشمیر پر پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔

یوم استحصال کشمیر کے دن کے موقع پر وزیراعظم پاکستان آج آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے جبکہ اسلام آباد میں واک کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں پارلیمنٹرینز سمیت مختلف مکاتب فکر کے لوگ شریک ہوں گے۔

بھارت کی مودی سرکار نے پانچ اگست 2019 کو کشمیریوں سے ان کے رہے سہے حقوق بھی چھین لیے تھے، مودی سرکار نے بھارتی آئین سے آرٹیکل 370 ختم کرکے مقبوضہ کشمیر کے تین ٹکڑے کر دیے تھے اور مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت بھی ختم کر دی تھی۔

صدر  مملکت کا خصوصی پیغام

یوم استحصال کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت کمزور کرنے کیلئے 5 سال قبل یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کئے، بھارت کی داخلی قانون سازی اور عدالتی فیصلے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کو دبا نہیں سکتے،صدر مملکت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کیلئے بھی بھارت پر زور دیں۔

وزیراعظم کا خصوصی پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے یوم استحصال کے موقع پر کشمیری عوام کے بے مثال حوصلے، جرأت اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے بھارت 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کو واپس لے۔

یوم استحصال پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

پاک فوج کے سربراہان کا خصوصی پیغام

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور افواج پاکستان کے سربراہان آرمی چیف جنرل عاصم منیر ، چیف آف ائیر اسٹاف  ائیر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف  نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان حق خودارادیت کیلئے کشمیری عوام کی جائز اور طویل جدوجہد کی حمایت کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فورسزکی مقبوضہ کشمیرمیں بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں قابل مذمت ہیں، بھارت کے غیرمنصفانہ اقدامات اور ریاستی جبر علاقائی استحکام کیلئے مستقل خطرہ ہے۔

آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق خطے میں پائیدار امن کا دارومدار اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازع کشمیر کے حل میں ہے،پاکستان کی مسلح افواج مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو ان کی غیرمعمولی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتی ہیں، مسلح افواج کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور انسانی بنیادوں پر جبر و استبداد کے خلاف جدوجہد میں حمایت جاری رکھیں گی۔