ثمرہ فاطمہ: ڈبل روڈ چائنہ سکیم کے دونوں پارک انتظامیہ کی غفلت سے ندی نالے میں تبدیل ہو گئے۔ دونوں پارکوں میں 2،2 فٹ سیوریج ملا بارش کا پانی جمع ہے۔ دونوں پارک تفریح گاہ کی بجائے کیڑے مکوڑوں کی نرسری اور آوارہ جانوروں کا مسکن بن کر رہ گئے ہیں۔
ڈبل روڈ چائنہ سکیم کے پارکس انتظامیہ کی نظروں سے اوجھل ہونے باعث تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔ سیوریج ملے جمع بارشی پانی کے باعث پارک کسی جوہڑ کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ یہاں تیراکی تو کی جا سکتی ہے لیکن سیر نہیں کی جا سکتی۔
پارک میں جھولے اور بیٹھنے کے لئے مناسب بنچ تو موجود ہیں لیکن بینچز اور جھولے سب یہاں جمع دو دو فٹ پانی میں غرق ہو گئے ہیں۔ پارک کے اطراف میں گندگی ڈھیر لگ گئے ہیں جوصفائی کے ذمہ دار ادارہ کے طویل عرصہ سے اس علاقہ میں غیر فعال ہونے کی نشاندہی کرتے ہیں۔
دونوں پارکوں میں پانی جمع ہونے سے بچے کھیل کود کے لئے غیر محفوظ سڑکوں پر جمع ہو جاتے ہیں اور ان کی مائیں گھروں پر پریشان رہتی ہیں۔
بچوں کا کہنا ہے کہ چھٹی کا روز تھا کھیلنے آئے تھے لیکن پارکوں میں پانی جمع ہے ۔ رہائشیوں کا کہنا تھا پارک کیڑے مکوڑوں اور آوارہ جانوروں کا مسکن بن گیا ہے۔ یہاں جمع پانی علاقہ کی فضا کو بدبو دار بنا رہا ہے۔ چائنہ سکیم کے رہائشی چاہتے ہیں کہ انتظامیہ پارک کی حالت بہتر کرے۔