دُرِ نایاب: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں لاہور،گوجرانوالہ اورفیصل آبادکےچڑیا گھروں کی اَپ گریڈیشن کی اصولی منظوری دے دی گئی۔
چڑیاگھروں میں داخلہ کیلئےای ٹکٹنگ سسٹم متعارف کرانےکی بھی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے لاہور زو میں شہریوں کی دلچسپی بڑھانے اور ٹکٹوں کی فروخت سے آمدن بہتر کرنے کے لئے فیملی پیکیج، سمر پیکیج او ردیگر پیکیجز متعارف کرانے کی ہدایت کر دی۔
لاہو رکے چڑیا گھر میں رونق بڑھانے کے لئے اور شہریوں کو چڑیا گھر آمد پر مائل کرنے کے لئے 146 سے زائد نئے جانور لانے کی بھی منظوری دی گئی۔ سری لنکا سے ہاتھی، آسٹریلیا سے کینگرو، چین سے پانڈا لایاجائےگا۔ دیگر ممالک سے نئے جانور بھی لائےجائیں گے۔
جانوروں کی با سہولت اور بہتر زندگی کے لئے چڑیا گھر میں جانوروں کیلئے ماڈرن کیج بنائے جائیں گے۔ شیر،چیتے، بھالو او رریچھ کیلئے عالمی معیار کے پنجرے بنائے جائیں گے۔
اجلاس میں لاہور کے سفاری پارک میں نائٹ سفاری شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
سفاری زو میں افریقن ڈیزرٹ سفاری متعارف کرائی جائے گی۔ لاہو رسفاری زو میں ایکوریم میں 142اقسام کی سمندری حیات بھی رکھی جائیں گی۔
محسن نقوی نےسفاری پارک میں جانوروں کی تعداد بڑھانے پر زور دیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور زو کے ہل ٹاپ پر نئی برڈ سفاری بنائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے جلو پارک او رچھانگا مانگا زو کی اپ گریڈیشن کیلئے پلان طلب کر لیا۔
فیصل آبادمیں کلیم شہید روڈ پر 54ایکڑ اراضی پر سفاری زو قائم ہوگا۔
گوجرانوالہ میں چڑیاگھر کے قیام کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی۔
صوبائی وزیر بلال افضل گوجرانوالہ چڑیاگھر کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔