عمران خان کی گرفتاری کے وقت زمان پارک میں کیا ہوا ؟ اہم انکشافات سامنے آگئے

5 Aug, 2023 | 04:46 PM

ویب ڈیسک: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آگئے۔ 

اسلام آباد کورٹ کی جانب سے احکامات دیے گئے کہ عمران خان 3 سال کے لیے نااہل ہیں ان کی فوری گرفتاری کی جائے۔ کورٹ کی جانب سے آئی جی اسلام آباد کو یہ احکامات دیے گئے کہ عمران خان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ 

 کورٹ کی جانب سے آئی جی اسلام آباد کو احکامات موصول ہونے کے بعد انہوں نے فوری طور پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان سے رابطہ کیا، اور انہیں درخواست کی کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کروایا جائے۔ ساتھ ہی  آئی جی اسلام آباد  کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کے کورٹ آرڈر بجھوائے گئے۔ 

آئی جی بنجاب کی جانب سے سی سی پی او لاہور کو احکامات جاری کیے گئے کہ فوری طور پر عدالت کے احکامات کی پاسداری کی جائے۔ جس کے بعد سی سی پی او  آفس میں فوری طور پر میٹنگ بلائی گئی ،سی سی پی او  لاہور کی قیادت میں ہونے والی میٹنگ میں ڈی آئی جی آپریشن، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن، ایس پی سول لائین، ایس ایس پی آپریشن، ایس ایس پی انویسٹی گیشن شریک ہوئے۔ میٹنگ میں ان تمام افسران کو عدالتی احکامات پر عمل درآمد کروانے کا حکم دیا گیا۔ 

دوسری جانب سی ٹی او لاہور کی جانب سے زمان پارک کے تمام راستوں کو بند کردیا گیا، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے پولیس کی جانب سے بیریئر لگائے گئے تھے، لیکن تحریک انصاف کے کارکنوں کی تعداد اتنی زیادہ نہیں تھی۔ 

عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے سامنے آنے والے انکشافات کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کے وقت ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی اس وقت گھر میں موجود تھیں، بشریٰ بی بی کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری پر بھرپور مزاحمت کی گئی، عمران خان کی جانب سے پولیس اہلکاروں کو تھریٹ کیا گیا۔ دوسری جانب عدالتی احکامات پر عمران خان کی گرفتاری کرتے ہوئے پولیس نے عمران خان کو کپڑے بدلنے کا وقت بھی نہیں دیا، پولیس عمران خان کو فوری گرفتار کر کے لاہور ایئرپورٹ لے گئی۔ لاہور  ایئرپورٹ سے بذریعہ سڑک عمران خان کو اسلام آباد متتقل کیا گیا۔ دیگر قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد عمران خان کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا جائے گا۔ 

عمران خان کی گرفتاری کی خبر میڈیا پر چلتے ہی پی ٹی آئی کے کچھ کارکن فوری زمان پارک پہنچ گئے اور نعرے بازی کی گئی، پولیس کی جانب سے کارکنان کو نہیں روکا گیا. 

مزیدخبریں