قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں انتخابات، عمران خان نے دبنگ فیصلہ کرلیا

5 Aug, 2022 | 10:00 PM

M .SAJID .KHAN

(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں خود الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر ضمنی انتخاب کے معاملے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خود الیکشن لڑنے کافیصلہ کیا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے سینئر صحافیوں اور اینکرز سے ملاقات میں بات کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن رواں سال ہوں گے لیکن یہ مجھے سنگل آؤٹ کرنا چاہتے ہیں، موجودہ حکمرانوں کا ہر میدان میں مقابلہ کروں گا، قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں خود الیکشن لڑوں گا۔

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب کا اعلان کردیا ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخاب این اے 22 مردان 3 ، این اے 24 چارسدہ 2، این اے 31 پشاور5 ، این اے 45 کرم 1، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب 2، این اے 237 ملیر 2، این اے 239 کراچی 1 اور این اے 246 کراچی جنوبی 1 میں ہوگا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے مستعفی اراکین قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر شیڈول جاری کیا،جہاں انتخابات 25 ستمبر کو ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کی خالی 9 نشستوں پر براہ راست ضمنی انتخابات 25 ستمبر کو ہوں گے۔

امیدواران کاغذات نامزدگی 10 اگست سے 13 اگست تک جمع کروا سکتے ہیں، کاغذات کی جانچ پڑتال 17 اگست کو کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے دو خواتین اراکین کی جانب سے مستعفی ہونے کے بعد خالی مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی سے نام طلب کر لئے۔

مزیدخبریں