پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آواز بنا رہے گا: وزیراعظم شہبازشریف

5 Aug, 2022 | 11:00 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مسلسل غیر انسانی فوجی محاصرے کو تین سال ہو چکے ہیں، بھارت چوتھے جنیوا کنونشن سمیت اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی صریحاً خلاف ورزی کر رہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کی آبادکاری کی استعماری سوچ کا محرک کشمیریوں کے علیحدہ تشخص کو ختم کرنے کی ہوس ہے، بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو کرہ ارض کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا  ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ایک بار پھر ایک جارح اور غاصب کے طور پر دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے ۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آواز بنا رہے گا ، ان کے جائز حقوق کے مکمل حصول کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

یاد رہے کہ پانچ اگست کا دن کشمیر کی تاریخ میں سیاہ دن کہلاتا ہے، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت یکطرفہ طور پرتبدیل کرنے کے 3 برس مکمل ہوگئے،پاکستان سمیت دنیا بھر میں پاکستانی اور کشمیری آج یوم استحصال کشمیر منا رہے ہیں۔

مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں سیمینارز اور کانفرنسز کا اہتمام کیا جائے گا, مظفر آباد سمیت آزاد جموں وکشمیر اور پاکستان کے تمام صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں ایک منٹ کی خاموشی اور جلسے جلوسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

مزیدخبریں