تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ مزید بارشوں کا امکان

5 Aug, 2022 | 10:15 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، آزادکشمیر، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا ، سندھ ، بلوچستان میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے مون سون سسٹم آج سے سندھ پر اثرانداز ہونے کی پیش گوئی کی ہے.ٹھٹھہ، بدین، سجاول، عمرکوٹ اور تھرپارکر میں تیز بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی پر دو سسٹم مزید بارشیں لارہے ہیں، 9 اگست یعنی ہفتے کو شروع ہونے والے اس سلسلہ میں درمیانی اور تیز بارشیں متوقع ہیں، پھر 11سے 15اگست تک دوبارہ بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے 6 اگست سے لے کر 10 اگست تک لسبیلہ کے مختلف مقامات پر بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سیلاب متاثرین کو ندی نالوں سے دور منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے، ژوب، خضدار، بو لان، کو ہلو، قلات، لسبیلہ، آواران، زیارت اور بارکھان میں بھی بارش کا امکان ہے۔

خطہ پوٹھوہار، گوجرانوالہ، لاہور، سا ہیوال، اوکا ڑہ، سیالکوٹ، نارووال میں بارش متوقع ہے، جبکہ منڈی بہاؤالدین ،میانوالی، سرگودھا، فیصل آباد، خوشاب، ملتان اور رحیم یار خان میں بادل برس سکتے ہیں۔

بہاولپور، بہاولنگر اور ڈیرہ غازی خان میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، بینظیر آباد ، میر پور خاص اورٹھٹہ میں بھی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدین، حیدر آباد اورکراچی میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور میر پور خاص میں بعض مقا مات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

دیر، چترال، سوات، ایبٹ آباد،مانسہرہ، مردان،پشاور، کوہاٹ ، بنوں ، مالا کنڈ، خیبراورکرم میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

بھمبر، کوٹلی، میر پور، سدھنوتی ، پونچھ ، باغ، حویلی، ہٹیاں بالا اور مظفر آبادمیں بارش متوقع ہے اس کے ساتھ ہی وادی نیلم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مزیدخبریں