بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کیلئے اہم فیصلہ کرلیا گیا

5 Aug, 2021 | 03:00 PM

Arslan Sheikh

در نایاب: شہر میں بارشی پانی کو محفوظ بنانے کے لئے آٹھ مزید واٹر سٹوریج ٹینکس جبکہ فیروز پورر روڈ پر نیا ٹرنک سیور ڈالنے کے لئے واسا نے 3 ارب 50 کروڑ مانگ لئے، سمری محکمہ ہاؤسنگ کے توسط سے وزیراعلیٰ کو منظوری کے لئے ارسال کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق واسا نے شہر میں بارشی پانی کو محفوظ بنانے کے لئے میگا پلان پر کام شروع کردیا ہے۔ واسا نے آٹھ مزید واٹر سٹوریج ٹینکس جبکہ فیروز پورر روڈ پر نیا ٹرنک سیور ڈالنے کے لئے 3 ارب 50 کروڑ مانگ لئے ہیں اور سمری محکمہ ہاؤسنگ کے توسط سے وزیراعلیٰ پنجاب کو منظوری کے لئے ارسال کردی ہے۔

59 کروڑ 47 لاکھ کی لاگت سے تاجپورہ میں دو واٹر ٹینکس بنائے جائیں گے۔ کریم پارک، ریلوے اسٹیشن، کوپر روڈ، وارث روڈ، رسول پارک اور فروٹ منڈی اقبال ٹاؤن میں واٹر ٹینکس بنائے جائیں گے۔ 18 سے 15 لاکھ گیلن کی گنجائش والے واٹر ٹینکس بنائے جائیں گے۔ واٹر ٹینکس کے لئے 2 ارب 30 کروڑ کے فنڈز جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ فیروز پور روڈ سے ہڈیارہ ڈرین تک ٹرنک سیور ڈالنے کے لئے بھی 1 ارب 20 کروڑ جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے وزیراعلی پنجاب کو سمری ارسال کی ہے۔ سمری میں رواں مالی سال کے دوران سپلیمنٹری گرانٹ کے تحت جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ سمری میں منصوبوں کو شہر کی لائف لائن کی حیثیت دی گئی ہے اور اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ شہر میں زیر زمین پانی بچانے کے لئے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر شروع کئے جانے چائیے۔

مزیدخبریں