ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

غیرقانونی کارروائیاں بڑھتے ہوئے ہندو فاشزم کا مظہر ہے، صدرمملکت کایوم استحصال کشمیرپر پیغام

غیرقانونی کارروائیاں بڑھتے ہوئے ہندو فاشزم کا مظہر ہے، صدرمملکت کایوم استحصال کشمیرپر پیغام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : یوم استحصال کشمیر   کے موقع پر صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا خصوصی پیغام :بھارت نے5اگست2019کو مقبوضہ کشمیر میں ایک بار پھر یکطرفہ کارروائی کی جوجینوا کنونشن اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

یوم استحصال کشمیر   کے موقع پر صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی  کے جاری کردہ  پیغام   کہا گیا ہے کہ  بھارت نے کارروائیوں سے کشمیرمیں آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کی۔ بھارتی مودی حکومت اقدامات جینوا کنونشن اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، بھارتی کارروائیوں کا مقصد کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم کرنا ہے۔ بی جے پی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں خوف کا ماحول پیدا کیا، بھارت کشمیریوں میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارت کی کشمیر میں اس قسم کی غیرقانونی کارروائیاں بڑھتے ہوئے ہندو فاشزم کا مظہر ہے، مودی حکومت کی ایما پر بھارتی فوج نے مظالم کی انتہا کردی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن، استحکام کیلئےکشمیر کا منصفانہ حل ناگزیرہے، یہ دن دنیا کو کشمیریوں سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کی یاد دہانی کراتا ہے۔

 دوسری جانب  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے یوم استحصال کشمیر پر پیغام میں کہا کہ پوری پاکستانی قوم5اگست2019کےبھارتی غیرقانونی اقدام کومسترد کرتی ہے، دنیا بھر میں مقیم کشمیری مودی کے غیرقانونی اقدام کی مذمت کررہے ہیں، مقبوضہ کشمیرکی قیادت نےبھارتی حکومت کےاقدامات کومسترد کردیا، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

یوم استحصال کشمیر کےحوالے سے وزیر اطلاعات  کا کہنا تھا کہ پاکستان ہرسطح پر کشمیریوں کے ساتھ ہے، ہماری معاشی، سیاسی اور خارجہ محاذ پر تمام پالیسیاں مسئلہ کشمیر کو مد نظر رکھ کر بنی ہیں۔ مظلوم کشمیری عوام کیلئے پاکستانی عوام سیسہ پلائی دیوار ہیں، کشمیر پر ہم نے بھارت سے4جنگیں لڑیں، ہمارے جوان شہید ہوئے، پاکستانی، کشمیری جدوجہد کی شمع بجھنے نہیں دیں گے۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری  کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور کشمیر کےعوام مل کر5اگست کے مودی حکومت کے اقدامات کو واپس کرائیں گے، مودی جیسا فاشسٹ ہماری قربانیوں کو ہرا نہیں سکتا۔  ہم چاہتے ہیں کہ بھارت تمام خودمختار صحافیوں کو بھارتی مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت دے۔غیر ملکی صحافیوں نے 5 اگست کو آزاد کشمیر اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنا تھی لیکن بھارت نے غیر ملکی صحافیوں کو پاکستان آنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔