ویب ڈیسک : بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنےکے2سال مکمل ہونےپر یوم استحصال کشمیر منایا جارہا ہے۔ یوم استحصال کشمیر کے حوالے سےوزیراعظم عمران خان کا خصوصی پیغام میں کہنا ہے کہ وزیراعظم میں کشمیرکازسے پاکستان کی پختہ وابستگی کا اعادہ کرتا ہوں،وزیراعظم ہم مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک اپنی ہر ممکنہ معاونت جاری رکھیں گے۔
مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حثیت ختم کیے جانے کے 2 سال مکمل ہونے پروزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پیغام جاری کیا گیا ہے، وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ 5 اگست کے بھارتی غیر قانونی اقدام کے 2 سال مکمل ہوگئے ہیں ، کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کرنے کے لئے بھارت نے پابندیاں لگا رکھی ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں قبضہ برقرار رکھنے کے لئے پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، پابندیوں کے باوجود بھارت کشمیری عوام کے حوصلے پست کرنے میں ناکام رہا، قابض افواج کی جانب سے ماورائے عدالت قتل ، حراست میں تشدد اور کشمیریوں کے گھر نذر آتش کیے گئے۔
بھارت نے کشمیر میں انسانی حقوق پامال کرنے کی انتہا کی، 5 اگست کے بھارتی اقدامات کشمیریوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازش ہیں ، یہ اقدامات اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ پاکستان، کشمیری عوام اور بین الاقوامی برادری نے ان اقدامات کو بھرپور انداز میں یکسرمسترد کیا ہے، عالمی فورمز اور تنظیموں کی جانب سے ان غیرقانونی اقدامات پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔ پاکستان مقبوضہ کشمیرکے عوام کی بے مثال جرأت، لازوال قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام جائز حق خودارادیت کے حصول کیلئے پرعزم جدوجہد کررہے ہیں،بھارت کے تمام یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات،سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی اور کالعدم اقدامات ہیں، پاکستان عالمی فورمز اور تنظیموں سےکشمیری عوام کے خلاف جرائم پربھارت کا محاسبہ کرنے کا زور دیتا ہے، میں کشمیرکازسے پاکستان کی پختہ وابستگی کا اعادہ کرتا ہوں، ہم جموں وکشمیر تنازعہ کے منصفانہ حل تک اپنی ہر ممکنہ معاونت جاری رکھیں گے۔