پنجاب یونیورسٹی ، آن لائن امتحانات کا آغاز ہوگیا

5 Aug, 2020 | 08:52 PM

Malik Sultan Awan

(اکمل سومرو)پنجاب یونیورسٹی کے تحت بی اے بی ایس سی اور ایسوسی ایٹ ڈگری کے آن لائن امتحانات کا پہلا روز، چار مضامین کے آن لائن پرچے لیے گئے۔
پنجاب یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار آن لائن امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے۔ یونیورسٹی میں قائم کنٹرول رومز کا وایس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد ، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سلیم مظہر نے دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کنوینئر امتحانات ڈاکٹر کامران عابد نے بریفنگ دی جبکہ وائس چانسلر نے کمپیوٹرز کے ذریعے طلباء کی مانیٹرنگ کا جائزہ بھی لیا۔

ڈاکٹر نیاز احمد اختر کا کہنا ہے کہ آن لاین امتحانات کا انعقاد یونیورسٹی کی کامیابی ہے اور طلباء کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ یہ امتحان چار ستمبر تک جاری رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ امتحان موجودہ حالات کے تحت منعقد کیا گیا ہے تاکہ طلباء کا تعلیمی حرج نہ ہو۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پنجاب یونیورسٹی نے 41 ہزار سے زائد امیدواروں کو سیف ایگزام براؤزر میں لاگ ان کرنے کیلئے پاس ورڈ جاری کئے، امیدوار امتحان سے قبل یہ براؤزر ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ امیدواروں کو اپنے کمپیوٹر پر امتحان دینے کے لئے ایک کیمرہ اور ہیڈ فون رکھنا ہوگا، امتحان کو سکیورٹی پروف بنایا گیا ہے۔

سیف ایگزام براؤزر میں لاگ ان سے پہلے امیدوار کو گوگل میٹ میں پاس ورڈ کے ذریعے شامل ہونا ہوگا۔ یونیورسٹی نے ہر 25 طلبہ پر ایک پراکٹر جبکہ ہر دس پراکٹرز پر ایک سپرانٹنڈنٹ تعینات کیا ہے جو کمپیوٹر پر مانیٹرنگ کر رہے ہوں گے۔ پرچہ شروع ہوتے ہی امیدوار کے کمپیوٹر پر باقی تمام ایپس خود بخود غیر فعال ہو جائیں گی۔

   پنجاب یونیورسٹی نے گریجوایشن کے امتحانات کا شیڈول جاری کردیا تھا جس کے تحت بی اے، بی ایس سی پارٹ ٹو کا آن لائن امتحان 5 اگست سے شروع ہوگا،   آن لائن امتحانات پانچ اگست سے 20 اگست تک جاری رہیں گے۔

مزیدخبریں