صنعتوں کو بڑی اجازت مل گئی

5 Aug, 2020 | 06:28 PM

Arslan Sheikh

( قیصر کھوکھر ) کورونا وائرس کی بہتر صورتحال کے پیش نظر حکومت پنجاب نے صنعتوں کے اوقات کار بڑھا دیئے، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان کی جانب سے جاری ہونیوالے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام انڈسڑیاں اور فیکٹریاں پورا ہفتہ 24 گھنٹے کام کرسکیں گی۔ تعمیرات سے متعلقہ تمام شعبہ جات اور کاروبار بھی پورے ہفتہ کام کریں گے۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے کاروبار کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ 

حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنیوالے کاروبار فوراً بند کر دیے جائیں گے۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے لگائی گئی گزشتہ پابندیاں اسی طرح نافذالعمل رہیں گی۔ صنعتوں کے اوقات کار بڑھانے کے نوٹیفکیشن کا اطلاق فوری طور پر آج سے ہوگا۔

دوسری جانب ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 235 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد 93 ہزار 571 ہوگئی۔ لاہور میں 52، ننکانہ 1، قصور 1، راولپنڈی 54، جہلم 8 اور گوجرانوالہ میں 30 کیسز رپورٹ ہوئے۔

اسی طرح سیالکوٹ 22، نارووال 1، گجرات 18، ملتان 11، خانیوال 1، وہاڑی 2 اور فیصل آباد میں 3 کیسز سامنے آئے۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق سرگودھا 6، بہاولنگر 2، بہاولپور 6، لودھراں 1، راجن پور 8، لیہ 2، ساہیوال 2، اوکاڑہ 1 اور پاکپتن میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ترجمان کے مطابق کورونا وائرس سے 4مزیداموات ہوئی ہیں جس کے بعد کل تعداد 2 ہزار 157 ہوچکی ہیں جبکہ کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 85 ہزار 180 ہو چکی ہے۔ 

مزیدخبریں