(جنید ریاض)صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹرمراد راس کا سکول کھلنے کے حوالے سے اہم ٹویٹ کرتے ہوئے کہاسرکاری و نجی سکولز 15 ستمبر سے کھلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹرمراد راس نے پنجاب بھر میں نجی وسرکاری سکول کھولنے کے حوالے سے ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی صورتحال بہتر ہونے پر پنجاب بھر کے سرکاری و نجی سکولز 15 ستمبر سے کھلیں گے۔سکول کھلنے کا دارومدار کورونا وباء پر قابو پانے کی صورت میں ممکن ہے۔
سکول کھولنے کے حوالے سے کورونا ایس او پیز مکمل طور پر تیار ہیں۔کورونا ایس او پیز کے حوالے سے والدین کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔پندرہ ستمبر سے قبل سکول کھلنے کی تمام تر خبریں بے بنیاد ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے بند تعلیمی اداروں کو کھولنے کے حوالے سے بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس وفاقی وزیر شفقت محمود کی سربراہی میں آج ہونے کاامکان ہے، اس سلسلے میں محکمہ ہائیرایجوکیشن اورسکول ایجوکیشن پنجاب نے ہوم ورک مکمل کر لیا۔محکمہ ہائرایجوکیشن نے ستمبر کے پہلے ہفتے میں ادارے کھولنے کی تجویز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں نے وفاق کے فیصلے کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں اور صوبائی وزیر تعلیم مراد راس پہلے ہی ایس او پیز وفاقی حکومت کو فراہم کرچکے ہیں۔
دوسری جانب آل پاکستان پرائیویٹ سکول فیڈریشن کے مرکزی صدر کاشف مرزا نےحکومت سے پندرہ اگست سےسکول کھولنے کا مطالبہ کردیا۔ان کا کہناتھا کہ سکول کھولنے کی اجازت نہ دی تو خود ہی سکول کھول لیں گے،اساتذہ ہتھکڑیوں اور جیلوں سے نہیں ڈرتے۔
علامہ اقبال ٹاون میں آل پاکستان پرائیویٹ سکول فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے پندرہ اگست سے ملک بھر کے پرائیویٹ سکول کھولنےکااعلان کردیا۔