ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

جا چھوڑدے میری وادی،یوم استحصال پر سب پاکستانی ہم آواز ہوگئے

جا چھوڑدے میری وادی،یوم استحصال پر سب پاکستانی ہم آواز ہوگئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 :لاہور  سمیت دنیا بھر میں آج کشمیری عوام سے اظہار  یکجہتی کے لیے یوم استحصال منایا جا رہا ہے۔ جا چھوڑدے میری وادی، یوم استحصال پر سب پاکستانی ہم آواز ہوگئے۔


 گزشتہ برس 5 اگست کو بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اسے اپنے ساتھ غیر قانونی طریقے سے ضم کر لیا تھا، ساتھ ہی جموں اور لداخ کو کشمیر سے الگ کرنے کی غیر قانونی کوشش کی تھی  جس کے بعد سے وادی بھر میں سخت کرفیو اور لاک ڈاؤن ہے۔اقوام متحدہ اپنی قراردادوں میں واضح طور پر قرار دے چکی ہے کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ خود کشمیری ایک ریفرنڈم کے ذریعے کریں گے،بھارت کے اس غیر قانونی اقدام کا ایک سال مکمل ہو گیا ہے  جس پر  پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ' یوم استحصال' منایا جا رہا ہے۔کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے حکومت اور  ملک کی تمام سیاسی جماعتیں بھی متحد ہیں۔


اس کے علاوہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) نے یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے ’جا چھوڑ دے میری وادی‘ کے عنوان سے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں نامور اداکار، گلوکار، کھلاڑی اور صحافی شامل ہیں۔

مودی سرکار کے فسطائیت پر مبنی ہندوتوا کے نظریے کو بے نقاب کیا: عمران خان 

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے مودی سرکار کے فسطائیت پر مبنی ہندوتوا کے نظریے کو بے نقاب کیا۔کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان سمیت پوری دنیا میں بسنے والے پاکستانی اور کشمیری آج بھارتی غاضبانہ قبضے کا ایک سال مکمل ہونے پر یوم استحصال منا رہے ہیں۔ یوم استحصال کے موقع پر پاکستان کے مختلف شہروں میں تقاریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم  بے نقاب اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔

یوم استحصال پر کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے وزیراعظم عمران خان آج مظفر آباد کا دورہ کریں گے اور وہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔

شہباز شریف ،بلاول بھٹو کے پیغامات 

یوم استحصال کے موقع پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیریوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ مودی بڑی غلط فہمی میں ہے کہ وہ چالبازیوں اور فوجی جبر و استبداد سے کشمیریوں کو جھکا لے گا۔ عالمی برادری کی خاموشی کشمیریوں کو بندوق اٹھانے پر مجبور کر رہی ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ برہان مظفر وانی شہید سے لے کر ننھے سالار کے نانا تک کو ناحق گولیوں سے چھلنی کیا گیا، کشمیری اپنے شہداء کو پاکستانی پرچم میں دفن کر کے دنیا کو بتا رہے ہیں کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔


چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یوم استحصال کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی محاصرہ لہولہان وادی کے عوام کی امنگوں کو مفتوح نہیں بنا سکتا۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے بھارتی محاصرے کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے بین الاقوامی نگرانوں کو رسائی دی جائے۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ کی طرح اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

یاد رہے پاکستان نے اپنا نیا سیاسی نقشہ جاری کیا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر اور جونا گڑھ تک کے علاقوں کو پاکستان کا حصہ ظاہر کیا گیا ہے۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer