( اکمل سومرو ) فرسٹ ایئر کی سائنسی مضامین کی کتب کو کالج ایڈمیشن پورٹل سسٹم پر اپ لوڈ کر دیا گیا، فرسٹ ایئر میں داخلہ لینے والے طلباء ای لرن موبائل ایپ کے ذریعے سے ان کتابوں کا مطالعہ کر سکتے ہیں۔
انٹرمیڈیٹ سائنس کتابیں اب ای لرن کے علاوہ آن لائن کالج ایڈمشن سسٹم پورٹل پر بھی اپ لوڈ کر دی گئی ہیں۔ ای لرن اور آن لائن کالج ایڈمشن سسٹم پورٹل پنجاب آئی ٹی بورڈ نے وضع کیا ہے۔ میٹرک پاس طلبا کالج داخلے سے قبل کتابوں کا ای لرن موبائل ایپ پر بھی مطالعہ کر سکتے ہیں۔ فزکس، کیمسٹری، بیالوجی اور ریاضی کی انٹرمیڈیٹ کتابیں آڈیو، ویڈیو اور تحریری شکل میں دستیاب ہیں۔
سائنسی کتب میں اینی میشنز، مثالیں اور ویڈیوز کے اردو ترجمے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ ای لرن آن لائن کتابوں کے باعث طلبا کو ٹیوشن کی ضرورت نہیں رہتی۔ ای لرن موبائل ایپ پر پہلی سے بارھویں جماعت تک کی سائنس کتب دستیاب ہیں۔