( سعید احمد ) حکومت نے روٹی کی قیمت میں اضافے کا مطالبہ تسلیم نہ کیا، متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے 29 اگست کو صوبہ بھر کے تندوروں کی غیر معینہ مدت تک شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دے دی۔
لاہور پریس کلب میں صدر متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن آفتاب گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، 6 روپے کی روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں رہا، حکومت سبسڈی نہ ملنے والے تندوروں کیلئے لائحہ عمل واضح کرے۔
انکا کہنا تھا کہ ہر کوئی روٹی پر سیاست کرتا ہے لیکن روٹی لگانے والوں کے حقوق کے حق میں نہیں بولتا، روٹی کو حکومت نے اپنی انا کا مسئلہ بنا لیا کہ روٹی 6 روپے کی بیچنی ہے جبکہ 8 روپے کی روٹی میں بھی تندور مالکان کو نقصان ہے۔ صدر متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ ہم حکومت کو مذاکرات کیلئے 28 اگست تک کا وقت دے رہے ہیں، مطالبات نہ مانے گئے تو اسلام آباد سمیت پورے پنجاب میں ہڑتال کی جائے گی۔