(شاہین عتیق) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس میں مسلسل غیر حاضر رہنے پر سلمان شہباز کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے، سلمان شہباز کو 10 اگست کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا گیا۔
احتساب عدالت میں پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ اعوان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کو اشتہاری ملزم قرار دینے اور ان کی جائیداد ضبط کرانے کے لیے درخواست دی جس میں موقف اختیار کیا کہ سلمان شہباز غیر قانونی اثاثے بنانے کے کیس میں ملوث ہیں، اس کے علاوہ منی لانڈرنگ کے الزام پر بھی نیب میں حاضر نہیں ہورہے،عدالت سے استدعا ہے کہ ان کو اشتہاری ملزم قرار دینے کے لیے ضابطے کی کارروائی شروع کی جائے۔
عدالت نے تفتیشی آفیسر حامد جاوید کے بیان اور ریکارڈ کی پڑتال کے بعد سلمان شہباز کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سلمان شہباز کو 10 اگست کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔