سٹی42: پنجاب کی وزیر اطلاعات نے تھیٹرز میں فحاشی کے خاتمے کیلئے تھیٹر انڈسٹری کا کنٹرول ضلعی انتظامیہ سے اپنی وزارت کو منتقل کروانے کی ٹھان لی۔
تھیٹرز کی نگرانی، قوانین اور ہدایات کی خلاف ورزی پر کارروائی کرنے، تھیٹرز میں ڈراموں کی اجازت دینے سمیت مانیٹرنگ اور ریگولیشن کے اختیارات ضلعی انتظامیہ سے لے کر انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو دینے کا فیصلہ نہیں ہوا لیکن عظمیٰ بخاری بتا رہی ہیں کہ تھیٹرز کا کنٹرول ان کی وزارت کو مل جائے گا۔
پنجاب کے کچھ ہی شہروں میں تھیٹر ڈرامے ہوتے ہیں، ان شہروں میں ہونے والے تھیٹر ڈرامے متعلقہ انتظامیہ کے لئے عملاً سونے کا انڈٓ دینے والی مرغی جیسے ہوتے ہیں۔ تھیٹر ڈراموں کو پیش کرنے کی اجازت دینے، ان کی نگرانی کرنے، سکرپٹ کی منظوری دینے اور سکرپٹ کی پابندی کروانے کی ذمی داری ضلعی انتظامیہ کی ہے، ان ذمہ داریوں مین نرمی برتنے کے عوض متعلقہ اہلکاروں کو کچھ نہ کچھ ملتا رہتا ہے۔ کبھی فحاشی کی شکایات زیادہ ہو جائیں تو انتظامیہ تادیبی کارروائی بھی کرتی ہے جس میں تھیٹر شو کی بندش تک شامل ہوتی ہے ۔
انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی انچارج وزیر عظمیٰ بخاری ہیں۔ عظمیٰ بخاری کل جمعہ کے روز بھی لاہور میں تھیٹر دیکھنے کے لئے گئی تھیں، تب کسی کو پتہ نہیں تھا کہ وہ دراصل تھیٹر انڈسٹری کو اپنی وزارت کے کنٹرول میں لانے کے لئے کیس تیار کر رہی ہیں۔
اب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ تھیٹرز میں فحاشی کے خاتمے کے لئے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کر سکی۔ ،پنجاب میں تھیٹر اور ڈرامے کے نام پر فحاشی پھیلائی جا رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ "بہت جلد تھیٹر کے انتظامات ضلعی انتظامیہ سے لے کر محکمہ انفارمیشن کو دے دیئے جائیں گے"عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ "اس پر کام جاری ہے"۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے سربراہ ڈپٹی کمشنر کی اجازت سے تھیٹر شو کرنے کے عمل کو ضلعی انتظامیہ بے تحاشا افرادی قوت، اختیارات اور ہمہ وقت نگرانی کے باوجود کنترول نہیں کر سکی ، کہیں سفارش اور کہین زیریں سطح پر رشوت چلتی ہے اور تھیٹر ہالز میں ناگفتنی حرکتیں ہوتی ہیں۔ ضلع کی انتظامیہ کو شکایات جاتی ہیں تو وہ حرکت میں آ کر فحاشی پر مبنی شو بند کروا دیتی ہے، ایسے شو دکھانے والے تھیٹر ہال بند کروا دیتی ہے۔ تب بھی یہ دھندا چل رہا ہے۔
پنجاب کے اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کے برعکس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کا انفراسٹرکچر نہ ہونے کے برابر ہے۔ ابھی تک عظمیٰ بخاری کے تھیٹرز ٹیک اوور پلان کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں، تاہم ان کا کہنا ہے کہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ہی تھیٹر سے فحاشی بند کروا سکتا ہے۔