سٹی42: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورخشک رہنے کا امکان ہے۔
شہر لاہور میں سورج کی کرنیں تیز ہو گئی جس کی وجہ سے گرمی کا احساس بڑھ گیا ہے جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ صبح کے وقت ہی درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں شدید گرمی کا راج رہے گا۔ کم سے کم درجہ حرارت 19 اور زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جانے کا امکان ہے۔
فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 172 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے مطابق لاہور آلودہ ترین شہر قرار پایا ہے۔ سید مراتب علی روڈ پر 189 اور اڈا پلاٹ پر 187 اے کیو آئی کی شرح ریکارڈ کی گئی۔سب سے زیادہ آلودگی خیابان اقبال میں ریکارڈ کی گئی جہاں ایئرکوالٹی انڈیکس 206 تک پہنچ گیا۔ اسی طرح یو سی پی میں 191، گلبرگ میں 186، جی سی یو میں 181 اور پولو گراؤنڈ کینٹ میں 172 ایئرکوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔اس کے علاوہ ڈی ایچ اے فیز ایٹ میں 171، طفیل روڈ کینٹ میں 169، عسکری ٹین میں 165 اور یو ایم ٹی میں 163 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔ ویلنشیا ٹاؤن میں 158 اور غازی روڈ انٹرچینج پر 156 ایئرکوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی گرمی کی شدت کے پیش نظر پرندوں کے لیے پانی کے انتظامات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت معمول سے 02 سے04 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان۔اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی موسم خشک جبکہ مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،خیبرپختونخوا میں موسم خشک جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔
سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے، کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کابھی امکان ہے۔