سٹی42 : وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف عمرہ کرنے اور مسجد نبی میں نوافل ادا کرنے کے لئے رمضان المبارک کے آخری ایام میں 6 سے 8 اپریل 2024 تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔
وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہو گا۔ وزیر خارجہ امور، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات ، وفاقی وزیر اقتصادی امور اور وزیر اطلاعات بھی وزیراعظم کے ہمراہ سعودی عرب جائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نماز ادا کریں گے۔
وزیراعظم کی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات متوقع ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان کے عوام خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے انتہائی احترام رکھتے ہیں۔ پاکستان دونوں ممالک کی قیادت برادرانہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند بنانے کے لیے پرعزم ہے۔