(مبشر نقوی)ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گھریلو جھگڑا 4 زندگیاں نگل گیا۔ زہریلی چائے پینے سے ماں اور5 بچوں کی حالت غیر ہوئی جن میں سےچار کی موت ہوچکی ہے۔بچوں کی ماں نادیہ اور بیٹی اقصی کی حالت نازک ہے جنہیں الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق متاثرہ خاندان ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے چک نمبر 520 کا رہائشی ہے۔ زیریلی چائے پینے سے ماں نادیہ سمیت 5 بچوں کی حالت غیر ہونے پر اُنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 17 سالہ ثانیہ،18 سالہ مدیحہ، 10 سالہ اقرا اور 7 سالہ علی حسن انتقال کرگئے ۔جبکہ ماں نادیہ اور بیٹی اقصیٰ کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
دوسری جانب نادیہ بی بی کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ہم میاں بیوی کا گزشتہ روز جھگڑا ہوا تھا جس کی وجہ سے چائے میں شوہر نے زہر ملایا تھا۔ چائے پینے کے بعد حالت غیر ہوئی۔
اُس کا مزید کہنا تھا کہ معاشی حالات بُرے ہیں۔ شوہر اصغر، بیٹیوں کے رشتے کے باعث آئے روز گھر میں جھگڑا کرتا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر سمیر علی ،اے ڈی سی جی ذیشان لبھا ہسپتال پہنچ گئے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح نے بتایا کہ پوری فیملی کو چائے میں ملا کر زہر دیا گیا، پولیس انویسٹی گیشن کر رہی ہے جلد ہی حقائق سامنے آ جائیں گے۔
اے ایس پی محمد فہیم کا کہنا تھا کہ تھانہ صدر کی حدود میں فیملی میں چھ افراد کو زہر دیا گیا ہے، پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، پولیس انویسٹی گیشن کر رہی ہے،جلد ہی حقائق سامنے آئے جائیں گے۔