سٹی 42 : فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں ریسرچ ورکشاپ اور شجر کاری مہم جناح میڈیکل یونیورسٹی میں تحقیقی مطالعات اور تشخیص پر مبنی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر خالد سعید خان، سابق ایڈیٹر ان چیف آف برٹش جرنل آف اوبسٹیٹرکس اینڈ گائناکالوجی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔
سابق وائس چانسلر پروفیسر شمسہ ہمایوں، پرنسپل پروفیسر نورین اکمل، ڈین بیسک سائنسز پروفیسر منزہ اقبال، ڈین انڈر گریجویٹ پروفیسر منیزہ قیوم، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل پروفیسر بلقیس شبیر، ہیڈ آف اوبسٹیٹرکس اینڈ گائناکالوجی ڈیپارٹمنٹ پروفیسر عائشہ ملک اور دیگر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔
اس موقع پر مہمان سپیکر کی جانب سے ریسرچ سے متعلق موضوع پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیق کی مدد سے انسانی زندگیوں کو بہتر بنایا جاتا ہے اور بیمار مریضوں کی زندگی بچانے میں انتہائی موزوں ثابت ہوتی ہے۔
یونیورسٹیوں کے لیے تحقیق ایک انتہائی اہم جز ہے جس کی مدد سے طلباء مطالعہ اور جانچ کے ذریعے نئے فکری عمل کو لاگو کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی تعلیم اور تحقیق کے میدان میں بہترین خدمات سر انجام دے رہی ہے۔مہمان اسپیکر نے وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل کا کہنا تھا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلباء و طالبات کو بہترین طبی اور تحقیقی تعلیم فراہم کر رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ریسرچ کے میدان میں ہم جلد صف اول میں شامل ہوں اور فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کو پاکستان کی ٹاپ یونیورسٹی بنائیں۔
اس موقع پر گرین یوتھ موومنٹ، ایف جے ایم یو نے محکمہ جنگلات کے تعاون سے، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں اپنی سالانہ شجر کاری مہم کا انعقاد بھی کیا جس میں پروفیسر ڈاکٹر خالد سعید خان نے پروفیسر خالد مسعود گوندل کے ہمراہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں پودا لگایا اور فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔
اس موقع پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر نورین اکمل، فوکل پرسن ڈاکٹر فائزہ ابرار، ڈین بیسک سائنسز پروفیسر منزہ اقبال، ڈین انڈر گریجویٹ پروفیسر منیزہ قیوم، ڈائریکٹر کیو ای سی پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر، دیگر فیکلٹی ممبران اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔