ویب ڈیسک: پاکستانی فلم اسٹار میرا جی نے گزشتہ دنوں عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد مسجد نبویﷺ سے نماز پڑھتے ہوئے ویڈیو شیئر کی، جس پر میزبان متھیرا نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ میرا جی نے مدینہ منورہ اور خانہ کعبہ سے مختلف تصاویر شیئر کی ہیں، جن میں سے ایک ویڈیو مسجد نبویﷺ میں نماز کی ادائیگی کی بھی تھی (جو اب ان کے اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ ہوچکی ہے)۔اداکارہ کو نماز کی ادائیگی کے دوران ویڈیو ریکارڈ کرنے اور پھر اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب کہ کئی سوشل میڈیا صارفین کے مطابق اداکارہ صرف دکھاوا کر رہی ہیں۔اداکارہ کی مذکورہ ویڈیو جب مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور پیجز پر وائرل ہوئی تو اس نے میزبان و ماڈل متھیرا کی توجہ بھی حاصل کرلی، جو میرا جی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر برس پڑیں۔
متھیرا کا کہنا ہے کہ ’یہ کون سا نیا ٹرینڈ چل گیا ہے، لگتا ہے اگر ہم عبادت کرتے ہوئے تصاویر اور ویڈیوز نہیں بنائیں گے یا پوسٹ نہیں کریں گے تو یہ قبول ہی نہیں ہوگی۔
انہوں نے ایسے تمام افراد، جو سوشل میڈیا پر عبادت کرتے ہوئے غیر ضروری تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہیں، سے التجا کی کہ براہ کرم اللہ کی خوشنودی کی خاطر عبادت کریں، فالورز بڑھانے کے لئے نہیں۔واضح رہے کہ اداکارہ میرا جی کو مسجد نبویﷺ میں نماز کی ادائیگی کے دوران بنائی گئی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد انہوں نے مذکورہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام سے ڈیلیٹ کر دی، تاہم اس سے قبل ہی مذکورہ ویڈیو اس قدر وائرل ہوگئی تھی کہ یہ اب بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔