(ویب ڈیسک)تصاویر، ویڈیوز اور دیگر اہم معلومات کے لئے واٹس ایپ کا استعمال کثرت سے کیا جارہا ہے، مقبول ترین ایپ صارفین کی مشکلات کے ازالہ کے لئے نئی تبدیلیاں کررہی ہے تاکہ سوشل میڈیا کے اس دور میں صارفین زیادہ سے زیادہ واٹس ایپ کی آسان پالیسی سے مستفید ہوسکیں، واٹس ایپ ایک نئی اپ ڈیٹ متعارف کروا رہا ہے جس میں اب فارورڈ میسجز ایک سے زیادہ گروپس میں بھیجنا ناممکن ہوجائے گا۔
واٹس ایپ کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ویب بیٹا انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی تازہ ترین اپ ڈیٹ میں صارفین کو اب انتباہ کیا جائے گا جب وہ پہلے سے فارورڈ کیے گئے میسج کو متعدد واٹس ایپ گروپس میں بھیجنے کی کوشش کریں گے۔ واٹس ایپ کی جانب سے الرٹ میں کہا جائے گا کہ فارورڈ کردہ پیغامات صرف ایک گروپ چیٹ پر بھیجے جا سکتے ہیں۔
یہ فیچر پہلے کچھ اینڈرائیڈ بیٹا صارفین کے لیے شروع کیا گیا تھا لیکن اب اسے مزید ٹیسٹرز اور آئی او ایس صارفین کے لیے بھی بڑھایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں واٹس ایپ نے پرائیویسی کی جدید سیٹنگز متعارف کرائی ہیں جس کے بعد اب صارفین اپنی پروفائل کی معلومات مخصوص رابطوں سے چھپاسکیں گے۔
اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن 2.21.23.14 میں اپ ڈیٹ کے بعد اب صارفین ان کانٹیکٹس کا انتخاب کرسکیں گے جو ان کی پروفائل پکچر، لاسٹ سین اور اکاؤنٹ کی معلومات دیکھیں گے۔