(عابد چودھری)شاہ عالم مارکیٹ میں تہرے قتل کے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پرآگئی ۔
تفصیلات کے مطابق واردات کی سی سی ٹی وی میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھرے بازار میں ملزمان نے فائرنگ کی ،فائرنگ سے بازار میں بھگدڑمچ جاتی ہے، لوگوں نے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں۔فوٹیج میں دیکھا جاسکتاہےفائرنگ کے بعد مقتول بازار میں زمین پرگرپڑا ، ساتھی بچانے کے لئے قریب بھاگ کرآتے ہیں۔ زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت رکشے میں ڈال کرہسپتال لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق تہرے قتل کے دو ملزمان جمیل عرف جیلا اورتیمور نے عدالت سے15 اپریل تک عبوری ضمانتیں کروالیں،کراس ورژن کے ملزمان واصف قریشی اس کے بیٹے فیصل قریشی نے بھی 17اپریل تک عدالت سے عبوری ضمانتیں کروا لی ہیں،موچی گیٹ کے علاقے میں چند روز قبل مبینہ بھتہ کے تنازع پر فائرنگ سے تین افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے تھے ۔
واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور کی مشہور شاہ عالم مارکیٹ میں لرزہ خیزقتل کی واردات پیش آئی تھی، شاہ عالم فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں چودھری زبیر ،محمّد بوٹا اور عاطف شامل زخمی طاہر،عمران اور عرفان کو طبی امداد کے لئے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا،سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نےشاہ عالم مارکیٹ کے واقعہ پر نوٹس لیا اورایس پی سٹی حسن جہانگیر سے رپورٹ طلب کر لی، سی سی پی او لاہور نے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا تھا۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی شاہ عالم مارکیٹ میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کی تھی،فائرنگ کے واقعہ میں ملو ث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا اور ملزمان کو قانو ن کی گرفت میں لاکرمزید کارروائی کرنے ہدایت جاری کی تھی۔