جنید ریاض: لاہور بھر کے سرکاری سکولوں کو فنڈز کی کمی کا سامنا، ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے چودہ کروڑ اٹھائیس لاکھ روپے کا بجٹ جاری ہونے کے باوجود سکولوں کو فنڈز منتقل نہ کیے گئے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کی ناقص حکمت عملی کے باعث لاہور بھر کے سرکاری سکولوں کو فنڈز کی کمی کا سامناہے۔ تفصیلات کے مطابق ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے چودہ کروڑ اٹھائیس لاکھ روپے کے فنڈز جاری ہونے کے باوجود سکولوں کو پیسے منتقل نہ کیے گئے۔
مذکورہ فنڈز سکولوں کو تیسری سہ ماہی کی قسط کی مد میں جاری کیے گئے تھے۔سکولوں کو نان سیلری بجٹ کی مد میں فنڈز 25 مارچ کو جاری کیے گئے تھے۔مزکورہ فنڈز اساتذہ کی تنخواہوں کے علاوہ سکولوں کے ترقیاتی کاموں پر خرچ کیے جاسکتے ہیں۔ فنڈز دستیاب نہ ہونے کے باعث سکولوں میں بجلی پانی کے بلوں کی ادائیگی سمیت دیگر ترقیاتی کام التواء کا شکار ہیں۔
دوسری جانب ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کا کہنا ہے کہ سکولوں کو فنڈز جاری ہوئے ایک ہفتہ ہوا ہے، سکولوں کو فنڈز کو منتقلی کیلئے ڈیپارٹمنٹ کو کم از کم دس روز درکار ہیں۔