وقارگھمن : لاک ڈاون سے جہاں انسان متاثر ہورہے ہیں، وہیں چرند پرند اور جانور بھی خوراک کی کمی کا شکار ہیں، لاہور کے علاقہ شاہ کمال میں رضا کاروں کی جانب سے "اینیمل سپاٹ" بنایا گیا ہے، جہاں جانوروں کے کھانے پینے کیلئے اشیاء رکھی گئی ہیں۔
کورونا وائرس نے انسانوں کی روزمرہ زندگی کے ساتھ ساتھ چرند پرند ، پالتو اور آوارہ جانوروں کو بھی متاثر کیا ہے، جہاں انسان اس وقت بھوک مٹانے کیلئے ہاتھ پاوں مار رہے ہیں وہیں بے زبان مخلوق بھی بھوک مٹانے کیلئے پریشان ہے۔ شاہ کمال میں جماعت اسلامی کی جانب سے ایک ایسا ہی پوائنٹ بنایا گیا ہے جہاں بلیوں، کتوں اورپرندوں کیلئے برتنوں میں کھانے کی چیزیں رکھی گئی ہیں۔
رہنما جماعت اسلامی احمدسلمان بلوچ کہتے ہیں یہ جانور ہوٹلوں کے باہر پڑا کھانا کھا کر گزارہ کرتے تھے مگر اب وہ بھی بند ہونے سے بھوکے پھرتے ہیں، ہمارے نبی اکرم( ص) نے بھی بے زبانوں کے ساتھ صلہ رحمی اور حسن سلوک کرنے کا حکم دیا ہے۔
ہمارے آس پاس روزانہ خاص طور پر بلیاں اور دیگر پالتو جانور اور پرندے بھوک سے بلکتے اور اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش میں دکھائی دیتے ہیں۔
یاد رہے کہ حکومت نے یکم سے14اپریل تک لاک ڈاؤن کی موجودہ صورتحال کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے وفاقی وزیر اسد عمر نے پریس کانفرنس میں میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا، نیشنل کمانڈ کوآرڈینشن کمیٹی میں کیے گئے فیصلوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ ہوا ہے کہ یکم سے14اپریل تک موجودہ صورتحال کو جاری رکھا جائے گا،14اپریل سے پہلےاین سی سی میٹنگ میں بندشیں رکھنے نہ ہٹانے کافیصلہ ہوگا۔
وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے فیصلہ تمام صوبوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے کھانے پینے اور ادویات کی صنعتوں کو کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔