ریلوے ہیڈکوارٹر نے ٹرینوں کے نئے اوقات کار کا اعلان کر دیا

5 Apr, 2020 | 12:13 PM

Shazia Bashir

سعید احمد سعید: ریلوے ہیڈکوارٹر نے موسم گرما کے لیے ٹرینوں کے نئے اوقات کار کا اعلان کر دیا، نئے ٹائم ٹیبل کے مطابق 23ٹرینوں کا مختلف اسٹیشنوں سے روانگی اور آمد کا وقت تبدیل کر دیا گیا،  16 ٹرینوں کے مختلف سٹیشنوں پر عارضی اسٹاپ مستقل کر دئیے گئے۔ ٹرینوں کے اوقات کار کا نیا ٹائم ٹیبل 15اپریل سے نافذ العمل ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق ریلوے ہیڈکوارٹر کی جانب سے جاری کردہ موسم گرما کے لیے ٹرینوں کے نئے شیڈول کے مطابق 2ٹرینوں کو نئے اسٹاپ دئیے گئے جبکہ دو ٹرینوں کے مستقل اسٹاپ کو ختم کر دیا گیا۔جبکہ 16ٹرینوں کے مختلف سٹیشنوں پر عارضی اسٹاپ مستقل کر دئیے گئے۔

6ٹرینوں کا مختلف سٹیشنوں پر اسٹاپ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا جبکہ 2ٹرینوں کا دورانیہ کم کر دیا گیا، جن میں سے خیبر میل اور گرین لائن ایکسپریس کا لاہور سٹیشن پر اسٹاپ کا دورانیہ 5منٹ بڑھا دیا گیا۔ اور جعفر ایکسپریس کا لاہور ریلوے سٹیشن پر رکنے کا دورانیہ 5منٹ کم کر دیا گیا اور اس کے ساتھ ہی 23ٹرینوں کا مختلف اسٹیشنوں سے روانگی اور آمد کا وقت تبدیل کر دیا گیا۔

جن میں سے پاک بزنس، قراقرم ایکسپریس، شاہ حسین ایکسپریس، غوری ایکسپریس، ملتان ایکسپریس، راوی ایکسپریس کا لاہور ریلوے سٹیشن سے ٹائم ٹیبل تبدیل کر دیا گیا۔نیا ٹائم ٹیبل ٹرین آپریشن کی بحالی پر 15اپریل سے نافذالعمل ہو گا۔ نئے ٹائم ٹیبل کے حوالے سے ریلوے کی ساتوں ڈویژنوں کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔

دوسری جانب  ریلوے حکام نے شعبہ مکینکل انجینئرنگ گریڈ 19 کے تین افسران کے تقرر وتبادلے کے احکامات جاری کر دئیے، ریلوے ہیڈکوارٹر کی جناب سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق نیشنل مینجمنٹ کورس سے واپس آنے والے سینئر افسر کاشف فاروق بٹ کو ڈپٹی چیف مکینیکل انجینئر کیرج ریلوے ہیڈکوارٹر تعینات کر دیا،  محمد ناصر خلیلی کو پراجیکٹ ڈائریکٹ ری ہیبلیٹیشن مغلپورہ تعینات کر دیا، اور اسد فاروق چشتی کو ڈپٹی سی ایم ای ٹریک مشین ریلوے ہیڈکوارٹر تعینات کرنے کے احکامات جاری۔ اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیاگیاہے۔

مزیدخبریں