کورونا وائرس پاکستان میں کہاں تک پھیلے گا کچھ پتہ نہیں: وزیراعظم

5 Apr, 2020 | 11:32 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی اکبر ،قذافی بٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس پاکستان میں کہاں تک پھیلے گا کچھ پتہ نہیں۔ اللہ نے اگر کورونا سے بچایا ہوا ہے تو ہمیں بھی احتیاط کرنی چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں قیام کے دوران ایکسپو سنٹر میں قائم کیے گئے کورونا فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا، وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔

گورنر ہائوس میں احساس پروگرام اور کورونا ٹائیگر ریلیف فورس کے رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا ہمارے لئے بہت بڑا مسئلہ ہے، کورونا سے مقابلہ کرکے قوم مختلف انداز میں ابھرے گی۔ حکمت استعمال کرکے مشکل سے نکل سکتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں پہلے ہی بہت زیادہ غربت ہے، حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج دیا، ٹائیگرفورس میں 6 لاکھ ممبرز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، تحریک انصاف کے تمام لوگوں نے ملکر ریلیف کا کام کرنا ہے، اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے بھی کہا کہ وزیراعظم نے تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج دیا، شوکت خانم ہسپتال میں تمام مریضوں کے ساتھ برابری کا سلوک کیا جاتا ہے۔

  وزیراعظم نے تمام ڈونرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں انسان کے ایمان کا پتہ چلتا ہے، مخیر حضرات نے دل کھول کر عطیات دیے ہیں۔

 علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی، وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو متاثرین کی امداد کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے کیے گئے اقدامات پربھی بریفنگ دی۔

واضح رہےکہ کورونا وائرس سےپاکستان میں ہلاکتوں اور متاثرہ افراد کی تعداد تیزی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے، کورونا وائرس اب تک  پاکستان میں 42 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے،  جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 2776 ہوگئی ہے۔

مزیدخبریں