بینک روڈ (قیصر کھوکھر) کورونا وائرس سےپاکستان میں ہلاکتوں اور متاثرہ افراد کی تعداد تیزی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے، کورونا وائرس اب تک پاکستان میں 42 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے، جبکہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 2776 ہوگئی ہے، پنجاب میں سب سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں جہاں کنفرم مریضوں کی تعداد 1133 تک جا پہنچی ہے جبکہ 5 اموات ہوئی ہیں، لاہور پولیس کے 5 اہلکاروں میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے،لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا 13 واں روز ہے، تجارتی مراکز، شاپنگ مالز، تعلیمی ادارے،سینماگھر، شادی ہالز، بازار ، دکانیں بند اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں، کورونا وائرس اور ڈاؤن لاک سے جہاں عوام پریشان ہے وہیں افسروں کی ترقیاں بھی التواء کا شکار ہو چکی ہیں۔
پنجاب حکومت نے 45 افسروں کو تقرریاں دینے کا فیصلہ کر لیا، ذرائع کے مطابق ایڈیشنل آئی جی اور ڈی آئی جی رینک کے افسر تقرریوں کے منتظر ہیں۔ ترقی کے منتظر افسران میں ایڈیشنل آئی جی رائے محمد طاہر، ایڈیشنل آئی جی احسان طفیل، ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد بیگ، ایڈیشنل آئی جی محمد شہزاد سلطان شامل ہیں۔ رائے طاہر کوایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ایڈجسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ڈی آئی جی طارق عباس قریشی اور محبوب رشید کوآئی جی آفس میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ملک امتیاز احمد کو آئی جی آفس میں لگانے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے، اس حوالے سے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے تقرریوں کی سمری مانگ لی ہے۔